اسٹار فٹبالر سر میں گولی لگنے سے شدید زخمی

بیروت(سی این پی)لبنان کے اسٹار فٹبالر محمد احمد عتوی اندھی گولی کا نشانہ بن گئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق فٹبالر محمد احمد عتوی بیروت دھماکوں میں جاں بحق ہونے والے فائر فائٹر کے نماز جنازہ میں شریک تھے کہ اس دوران اچانک گولی ان کے سر میں آلگی جس سے وہ شدید زخمی ہوگئے۔جنازے کے دوران فائرنگ سے متعدد افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ فائرنگ کا واقعہ کوئی دہشت گردی نہیں بلکہ شادی اور جنازے سمیت دیگر بڑی تقریبات کے دوران ہوائی فائرنگ لبنان کی ثقافت ہے جس کی وجہ سے جنازے میں بھی بڑے پیمانے پر فائرنگ ہوئی اور کئی افراد اندھی گولیوں کا نشانہ بنے۔میڈیا کے مطابق 27 سالہ فٹبالر محمد احمد کو انتہائی تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں ڈاکٹرز نے فوری آپریشن کرکے گولی نکالی تاہم اندرونی طور پر خون بہنے کی وجہ سے ان کی حالت تشویشناک ہے۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ محمد احمد عتوی کو پانچ گھنٹے کے آپریشن کے بعد آئی سی یو منتقل کردیا گیا ہے جہاں ان کی حالت پہلے سے کچھ بہتر ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں