کرکٹ کی بحالی کے لیے دورہ انگلینڈ انتہائی ضروری تھا،مصباح الحق

لاہور(سی این پی )قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا ہے کہ طویل المدت منصوبہ بندی کے تحت آگے بڑھ رہے ہیں۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ کی بحالی کے لیے دورہ انگلینڈ انتہائی ضروری تھا اور جب ٹیم کی اچھی کارکردگی ہو گی تو اچھے نتائج بھی برآمد ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم سے متعلق کچھ معاملات حوصلہ افزا ہیں تاہم مستقبل میں نوجوان کھلاڑیوں کو تسلسل کے ساتھ موقع دیں گے۔ اب ہم طویل المدت منصوبہ بندی کے تحت آگے بڑھ رہے ہیں۔مصباح الحق نے کہا کہ کھلاڑی مستقبل میں اچھا کھیلنے کے لیے پرعزم ہیں۔ ہر کام میں بہتری کی گنجائش ہوتی ہے اس لیے ٹیم کو لمبے عرصے کے لیے تیار کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھے کوچز کے ناموں سے کبھی مسئلہ نہیں ہوا ہے کیونکہ ان کا کام ضروری ہے جبکہ بابر اعظم پاور فل کپتان ہیں اور انہیں تمام فیصلوں کا اختیار ہے۔ہیڈ کوچ نے کہا کہ ہم نے حیدر علی کو ٹیم میں لانے اور کھیلنے کا موقع دیا جبکہ عامر کو بیلنس کے حساب سے کھلایا جاتا ہے۔ حفیظ، شعیب ملک اور وہاب ہمارے کمبینیشن ہیں۔انہوں ںے کہا کہ یہ سوچ بلکل غلط ہے کہ کھلاڑی مجھ سے ڈرتے ہوں گے۔ دورہ انگلینڈ پر تمام کھلاڑیوں نے ہی مجھ سے تاثرات شیئر کیے جب چیزیں ہمارے حق میں ہوتی ہیں تو اچانک بارش آ جاتی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں