افغان فورسز کی طالبان کے ٹھکانوں پر بمباری، خواتین اور بچوں سمیت 12 شہری جاں بحق

قندوز(سی این پی)افغان صوبے قندوز میں طالبان کے ٹھکانے پرافغان فورسز کے فضائی حملوں میں 12 شہری جاں بحق اور 10 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔افغان حکام کے مطابق ضلع خان آباد میں طالبان ٹھکانوں پر افغان فورسز نے 2 فضائی حملے کیے، حملوں میں جاں بحق ہونے والے شہریوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔افغان وزارت دفاع حکام نے دعوی کیا ہے کہ فضائی حملوں میں 40 سے زائد طالبان مارے گئے ہیں۔افغان رکن پارلیمنٹ فاطمہ عزیز نے فضائی حملوں میں عام شہریوں کی اموات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پہلا حملہ طالبان ٹھکانے پر ہوا اور دوسرے حملے میں عام شہری نشانہ بنے، حملے میں 11 شہری جاں بحق ہوئے اور 5 تاحال لاپتہ ہیں۔دوسری طرف ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا ہے کہ افغان فورسز کے فضائی حملوں میں 40 شہری جاں بحق اور 17 زخمی ہوئے تاہم انہوں نے حملوں میں طالبان کی اموات کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں