پیپلزپارٹی کبھی استعفی نہیں دے گی، نواز شریف نے اپنی کشتیاں جلادیں، شیخ رشید

راولپنڈی(سی این پی) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کبھی استعفی نہیں دے گی، نواز شریف نے اپنی سیاست ختم کرکے کشتیاں جلادی ہیں۔ وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ پیپلزپارٹی اسمبلیوں سے استعفی نہیں دے گی، 30 دسمبر تک ن لیگ کا کام تمام ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ شہبازشریف کی بیڑیوں میں نوازشریف نے پتھر ڈال دیئے ہیں، نوازشریف کہتے ہیں میں اور بیٹی نااہل ہوگئے تو یہ کیوں بچ گئے ہیں۔وزیر ریلوے نے کہا کہ نوازشریف نے صفحے کی طرح اپنی سیاست کو پھاڑ دیا ہے، بلاول نے کہا استعفے دے دیں تو اس پر نواز شریف مسکراتے رہے، جنوری تک ن اور ش کا فیصلہ ہوجائے گا۔ شہبازشریف نے فیصلہ کرنا ہے انہوں نے کس بیانیے کیساتھ چلنا ہے۔شیخ رشید نے کہا کہ ووٹ کوعزت نہیں ملی نوٹ کوعزت دی گئی، فضل الرحمان اسمبلی سے صدارتی ووٹ مانگتے ہیں پھر لعن طعن کرتے ہیں، میں نے پہلے بھی کہا تھا اپوزیشن والے استعفے نہیں دیں گے۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی تقریر نشر کرانے کا عمران خان کا فیصلہ درست تھا، بھارتی اس لئے خوش ہیں کہ ان کو نیا بانی ایم کیوایم مل گیا ہے، یہ لوگ عدالتوں کی نذرہوں گے ان کا فیصلہ عدالتیں کریں گی، کسی کو ملک کونقصان پہنچانے نہیں دیں گے، سازشیں پنپنے نہیں دینگے۔وزیر ریلوے نے کہا کہ جمہوریت ڈی ریل کیلئے سازش کی گئی تو 20 سال تک جمہوریت بھول جائیں، ملک کی سالمیت کو نقصان پہنچا، فساد ہوا تو جمہوریت تماشا بن جائے گی۔شیخ رشید نے کہا کہ نوازشریف کا بیانہ اصل میں شہبازشریف کے خلاف ہے، شہبازشریف ن لیگ کے ووٹرز میں زیادہ مقبول رہنما نہیں ہے، کل کی تقریر سے نوازشریف کے ووٹرز کو نقصان پہنچا ہے، اپوزیشن جلسہ، جلسہ کھیلے گی اس سے زیادہ کچھ نہیں ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں