کین کمیشن پنجاب کا ایکشن، رمضان شوگر ملز نے واجبات ادا کردیے

چنیوٹ(سی این پی) شریف خاندان کی رمضان شوگرملز کے خلاف کین کمیشن پنجاب کے ایکشن پر شوگرملز نے کسانوں کے واجبات ادا کردیے، کاشتکاروں نے وزیراعظم اور وزیراعلی کا شکریہ ادا کیا۔تفصیلات کے مطابق کین کمیشن پنجاب نے کسانوں کے واجب الادا 23کروڑ سے زائد کی رقم فوری ادا کرنے کا حکم دیا تھا جس پر سلمان شہباز کی شوگر ملز نے قرقی سے بچنے کے لیے کین کمیشن احکامات پر عمل کر دیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کین کمیشن نے لینڈریونیوایکٹ کے تحت رقم ادا کرنے کا حکم دیا تھا، رمضان شوگرملز نے ایک ہی دن میں 23کروڑ روپے ادا کردیے۔ مل مالک سلمان شہباز نے کارروائی سے بچنے کے لیے فوری رقم ادا کی۔ذرائع نے بتایا کہ عدم ادائیگی پر لینڈریونیوایکٹ کے تحت قرقی کی کارروائی کی جاسکتی تھی۔یاد رہے کہ تین روز قبل اینٹی کرپشن پنجاب نے شوگر ملز مافیا کے گرد گھیرا مزید تنگ کرتے ہوئے صوبے بھر سے 44 شوگر ملز مالکان کو ریکارڈ سمیت طلبی کا نوٹس جاری کیا تھا۔ڈی جی اینٹی کرپشن کا کہنا تھا کہ گنے کے کاشت کاروں کا استحصال ہرگز قبول نہیں، ملز مالکان کے خلاف بڑی تعداد میں شکایات موصول ہو رہی ہیں، پچھلے 2 ہفتوں میں ڈھائی ہزار شکایات موصول ہوئیں، متعین کردہ ریٹ سے کم قیمت کے حوالے سے 1363 شکایات آئیں، کاشت کاروں کو رقم کی عدم ادائیگی سے متعلق 641 شکایات موصول ہوئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں