یاسمین راجہ کی طرف سے 27اکتوبر کو یوم سیاہ منانے کی اپیل

سری نگر(سی این پی)غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر تسلط جموںوکشمیر میں حریت رہنماءاور مسلم خواتین مرکز کی سربراہ یاسمین نے کشمیریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ 27اکتوبر کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں ۔تفصیلات کےمطابق27اکتوبر1947ءکو بھارت نے تقسیم برصغیر کے فارمولے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اور کشمیریوں کی خواہشات کے برعکس جموںوکشمیر میں اپنی فوجیں اتارکر اس پر ناجائز قبضہ کیاتھا۔ یاسمین راجہ نے سری نگر سے جاری بیان میں کہا کہ بھارت کی طرف سے دفعہ370اور35 جن کے ذریعے جموںوکشمیر کو خصوصی حیثیت حاصل تھی کی منسوخی اور مقبوضہ علاقے کی یونین ٹیریٹریز میں تقسیم کے بعد بھارت کشمیر پر اپنا دعویٰ کھو چکا ہے اوراب اسے صرف ایک فوجی غاصب کی حیثیت حاصل ہے ۔ انہوں نے کہاکہ یوم سیاہ منانے کا مقصد بھارت پر واضح کردینا ہے کہ کشمیری اپنے مادر وطن پر اس کے غیر قانونی تسلط کو مسترد کرتے ہیں اور وہ اپنے ناقابل تنسیخ حق ،حق خودارادیت کے حصول تک اپنی حق پر مبنی جدوجہد آزادی جاری رکھیں گے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں