پی او ایف ویلفیئر ٹرانسپورٹ سروس کےغیر منطقی کرایہ جات سے واہ کنٹونمنٹ کے باسیوں کو سفری مشکلات کا سامنا

واہ کینٹ (سی این پی)اشیائے خورونوش کی آسمان کو چھوتی قیمتیں تو دوسری طرف ویلفیئر ٹرانسپورٹ سروس کے غیر منطقی کرایہ جات نے واہ کنٹونمنٹ میں بسنے والے محنت کشوں، دیہاڑی دار مزدوروں اور سکول کالجز کے طلبہ کی چیخیں نکلوا دیں. جی ٹی روڈ پہ چلنے والی کمرشل ٹرانسپورٹ کے کرائے ویلفیئر ٹرسٹ کے زیر اہتمام چلنے والی گاڑیوں سے کم واہ کے باسیوں کا استدلال ہے کہ پی او ایف ویلفیئر بس سروس کی جانب سے ماضی کے کئی روٹس کی بندش نے واہ کے باسیوں کو ابتلا اور ان کو شدید سفری مشکلات سے دوچار کر دیا ہے. عوامی و سماجی حلقوں نے چیئرمین پی او ایف بورڈز سے عوامی مشکلات کے ازالہ کے لیے کرایوں میں کمی اور طلبہ کے لیے خصوصی رعایتی کارڈز کے اجرا کی اپیل کی ہے. یاد رہے کہ سابق چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل عبدالقیوم ملک کے دور میں واہ کینٹ کے محنت کشوں اور باسیوں کے لیے متعدد نئے روٹس کا اجراء کیا گیا تھا تاکہ عوام کو بہترین اور سستی سفری سہولیات دستیاب ہوں. اب ان روٹس کی بندش سے ان علاقوں کے باسی بکنگ پر گاڑی منگوانے پر مجبور ہیں. بالخصوص چیئرمین کالونی،جامعہ مسجد روڈ لالہ رخ کے رہائشیوں کو اس ضمن میں مسائل کا سامنا جبکہ بھاری بھر کم کرایوں نے ویلفیئر ٹرانسپورٹ سروس کے بنیادی مقصد کو ختم کر دیا ہے.واضح رہے کہ پی او ایف ویلفیئر کے ادارے کا قیام پی او ایف کے محنت کشوں اور انکے اہل خانہ کی فلاح و بہبود تھا جبکہ پی او ایف ویلفیئر ٹرانسپورٹ سروس کے قیام کا مقصد سستی اور معیاری سفری سہولیات کی فراہمی تھا جو اب خواب بن چکا ہے؛

اپنا تبصرہ بھیجیں