اپوزیشن دشمن کے بیانیے کو تقویت دی رہی ہے، ہماری فتح کو متنازع بنا دیا، شبلی فراز

اسلام آباد(سی این پی)شبلی فراز نے کہا ہے کہ اپوزیشن دشمن کے بیانیے کو تقویت دی رہی ہے، انہوں نے ہماری فتح کو متنازع بنا دیا، نواز شریف کو سیکورٹی دیں گے انہوں نے ہمارے پیسے دینے ہیں۔سینیٹ اجلاس میں شبلی فراز کی تقریر کے دوران اپوزیشن نے شور شرابہ کیا اور واک آئوٹ کر گئے۔ شبلی فراز نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ماضی میں اداروں کو تباہ کیا گیا، ہم مضبوط کر رہے ہیں، اپوزیشن میں سچ سننے کی ہمت ہی نہیں، بھارت میں پاکستان مخالف بیانیے کی ترویج ہو رہی ہے، اپوزیشن کے بیانیہ پر دشمن ملک میں کھیلا جا رہا ہے، سب سے اہم ایشو ملک ہے، اس پر بات کرنے دی جائے، ملک کے خلاف بیانیہ چل رہا ہے۔شبلی فراز کا کہنا تھا سی پیک اتھارٹی کے منصوبے بھرپور طریقے سے چل رہے ہیں، قائمہ کمیٹیوں میں معاملے کی حمایت، ایوان میں مخالفت کرتے ہیں، یہ دشمنوں کو خوش کر رہے ہیں لیکن دوسروں کو ناراض تو نہ کریں، ہم اپوزیشن کو سی پیک کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، چین ہمارا دیرینہ دوست ہے، غلط باتیں کرنے سے خارجہ پالیسی سے متعلق غلط پیغام جاتا ہے۔شہزاد وسیم نے کہا مودی اور اجیت دوول کی زبان بولنے والوں کی زبان نوچ لیں گے، اپوزیشن کا بیانیہ مزار قائد کی بے حرمتی کرتے ہوئے کوئٹہ پہنچا، قومی زبان اور منصوبوں کو متنازع بنا رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں