بھارتی ریاستی دہشت گردی،مقبوضہ کشمیر میں مزید 6 کشمیری شہید

سری نگر(سی این پی) مقبوضہ وادی میں بھارتی ظلم و بر بریت کا سلسلہ جاری،قابض بھارتی فوج نے نام نہاد آپریشن کے دوران مزید 6 کشمیریوں کو شہید کردیا۔تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے نام نہاد آپریشن کے دوران ضلع گندریبال اور رمبان میں 6 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔ قابض بھارتی فوج نے مسافر بس کے اغوا کا ڈرامہ رچا کر ضلع گندریبال میں نام نہاد آپریشن کیا اور گھر گھر تلاشی کے دوران بنیادی انسانی حقوق کی سنگین پامالی کی اور 3 نوجوانوں کو شہید کردیا۔ضلع رمبان میں بھی بی جے پی رہنما کو یرغمال بنائے جانے کا بہانہ بنا کر سرچ آپریشن کیا گیا اور تین کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا گیا۔واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے 5 اگست سے کرفیو نافذ کررکھا ہے جس کے باعث وادی میں انسانی المیہ جنم لے چکا ہے۔مقبوضہ وادی میں بچوں کےلئے دودھ، ادویات اور اشیائے ضروریہ کی شدید قلت ہے جبکہ موبائل فون، ٹیلی فون اور انٹرنیٹ سروس بھی معطل ہے۔قابض بھارتی فوج کی فائرنگ اور تشدد سے اب تک 15 سے زائد کشمیری شہید ہوچکے ہیں اور حریت رہنماؤں سمیت ہزاروں کشمیریوں کو حراست لیا جاچکا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کا پردہ چاک کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر سے 50 روز سے زائد جاری کرفیو ہٹائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں