خواہش ہے چینی صدر کی طرح 500 افراد کو جیل بھیج سکتا، وزیراعظم

اسلام آباد(سی این پی)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ خواہش ہے چینی صدر کی طرح 500 افراد کو جیل بھیج سکتا، چین دنیا کا تیز ترین ترقی کرنے والا ملک ہے، 30 سال میں 70 کروڑ افراد کو غربت سے نکالا۔وزیراعظم عمران خان نے بیجنگ میں چائنہ کونسل سے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان میں سرمایہ کاری میں رکاوٹیں دور کر رہے ہیں، سی پیک اتھارٹی قائم کر دی، موجودہ وقت دوست ملک سے سیکھنے کا ہے، سرمایہ کاری میں بڑی رکاوٹ کرپشن ہے۔عمران خان نے کہا صدر شی جنگ پنگ نے بدعنوانی کے خلاف ایک بڑی جنگ لڑی اور جو میں نے سنا ہے اگر میں غلط ہوا تو درست کر دیں کہ چین نے گزشتہ 5 سال میں وزرا کی سطح کے 400 سے زائد لوگوں کو بدعنوانی پر جیل میں ڈالا، پاکستان میں کاروبار میں آسانی کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، سی پیک اتھارٹی کا قیام عمل میں لائے ہیں، اتھارٹی سی پیک کے تمام مسائل کو دیکھے گی، گوادر پورٹ کیلئے رعایات کی منظوری دے دی گئی۔وزیراعظم نے کہا پاکستان میں سرمایہ کی 5 اہم وجوہات ہیں، پاکستان کامحل وقوع اور آبادی اہمیت کی حامل ہے، چین کیسرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کریں گے، تیل و گیس، ہائوسنگ کے شعبہ میں سرمایہ کاری کو سراہیں گے، پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال بہتر ہے، چینی شہریوں کیلئے سپیشل فورس بنائی ہے، ویزہ جاری کرنے میں سہولتیں پیدا کی ہیں، چین کے ساتھ اگلے فیز میں فری ٹریڈ کا معاہدہ کر رہے ہیں، 70 ممالک کیلئے ایئرپورٹ پر ویزہ سہولت مہیا کر دی، چاہتے ہیں سرمایہ کار پاکستان آکر پیسہ کمائیں۔عمران خان کا کہنا تھا پاکستان میں 5 سال کے دوران 50 لاکھ گھر بنا رہے ہیں، پاکستان کو اس وقت ایک کروڑ گھروں کی ضرورت ہے، ٹیکسٹائل، مینوفیکچرنگ، آئی ٹی میں سرمایہ کاری کے مواقع ہیں، مذہبی سیاحت میں سرمایہ کاری کے شاندار مواقع ہیں۔بعد ازں وزیراعظم عمران خان بیجنگ میں گریٹ ہال پہنچے جہاں چینی ہم منصب لی کی چیانگ نے اس کا استقبال کیا۔ چینی وزیراعظم آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور پاکستانی وزرا سے بھی ملے۔ وزیراعظم عمران خان نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا انہیں سلامی بھی پیش کی گئی۔دوسری جانب وزیراعظم عمران خان سے چین میں لوہے اور سٹیل کی صنعت چائنا میٹالرجیکل گروپ کے چیئرمین نے ملاقات کی۔ وزیراعظم سے اورینٹ ہولڈنگ گروپ کے چیئرمین بورڈ نے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، خسروبختیار، شیخ رشید، عبدالرزاق دائود بھی موجود تھے۔وزیراعظم عمران خان کی چائنا گیژوبا گروپ کے چیئرمین لیو زی ژیانگ کے ساتھ بھی بیٹھک ہوئی۔ چینی کمپنی نے پاکستان میں نئے کاروباری مواقع کی تلاش، خاص طور پر توانائی کے شعبے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے لانگ مارچ ٹائر کمپنی کے سربراہ سے بھی ملاقات کی اور چین کے دیگر سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں