مراد سعید نے وزارت میں ریکوری کا ایک اور ریکارڈ قائم کر دیا

اسلام آباد(سی این پی) وزارت مواصلات کوایک اوربڑی کامیابی مل گئی ، 132 کروڑ 55 لاکھ کی خوردبرد کی گئی رقم قومی خزانے میں جمع کرادی گئی، یہ اب تک کی دوسری بڑی ریکوری ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں شفافیت اور احتساب کا عمل جاری ہے، وزارتوں میں لوٹی ہوئی دولت کی بڑے پیمانے پر واپسی کے اقدامات ہورہے ہیں۔وزارت مواصلات میں اب تک کی دوسری بڑی ریکوری ہوئی اور 132 کروڑ 55 لاکھ کی خوردبرد کی گئی رقم قومی خزانے میں جمع کرادی گئی ، وفاقی وزیر مراد سعید نے مختلف ٹھیکوں کے آڈٹس اور انکوائری کا حکم دے رکھا ہے۔اوکاڑہ بائی پاس منصوبے میں 200ملین پیشگی ادا کئے جانے والی رقم ریکور ہوئی جبکہ 242 ملین بسمہ ناگ پنجگورہوشاب پراجیکٹ میں ریکور کی گئی ، یہ رقم ٹھیکیدار کو اضافی ادائیگی کی مد میں دی گئی تھی۔راجن پور ڈی جی خان انڈس ہائی وے منصوبے میں بھی 69 ملین ریکور ہوئے ، 69 ملین روپے پروجیکٹ ٹھیکیدار کو ادا کیے گئے تھے جبکہ اسلام آباد مظفرآباد کیرج وے کے ادا کیے گئے 122 ملین روپے بھی ریکور کرلیے گئے۔خیال رہے وزارت مواصلات حکومت کے پہلے سال بھی 800 کروڑر یکور کر چکا ہے اور مراد سعید نے اس عزم کا اعادہ کیا تھا کہ قوم کاپیسہ لوٹنے والوں سے بالکل رعایت نہیں برتیں گے اور عوام کا پیسہ ہر صورت قومی خزانے میں واپس لائیں گے۔یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے کرپشن کسی صورت برداشت نہ کرنے اور تمام اداروں میں ریکوری کے احکامات جاری کیے گئے تھے۔وزرا نے اس ضمن میں خصوصی توجہ دی. وزیر مواصلات مراد سعید کی کارکردگی اس ضمن میں متاثر کن رہی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں