کوئٹہ: بجلی، پانی کی عدم فراہمی پر خواتین کا احتجاج

کوئٹہ(سی این پی)کوئٹہ کے سریاب مل میں بجلی اور پانی کی عدم فراہمی کے خلاف خواتین نے ٹائر جلا کر سڑک بلاک کر دی اور دھرنا دیا۔کوئٹہ کے نواحی علاقے سریاب مل کی خواتین سڑکوں پر آگئیں۔ ٹائر جلا کر قومی شاہرہ کو بلاک کیا اور حکومت مخالف نعرے بازی کرتی رہیں۔خواتین کا کہنا تھا کہ تین ماہ سے روزانہ 12 گھنٹے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔ علاقے کا ٹرانسفارمر ناکارہ ہے اور کئی مرتبہ اپنی مدد آپ کے تحت ٹرانسفارمر کی مرمت کروائی۔ شکایات کے باوجود کیسکو انتظامیہ غفلت کا مظاہرہ کر رہی ہے۔خواتین کا کہنا تھا کہ مسلسل لوڈ شیڈنگ سے علاقے میں پانی کی قلت ہوگئی ہے جب کہ مہنگے داموں ٹینکر خریدنے کی بھی ہمت نہیں۔خواتین کے احتجاج کے باعث سریاب روڈ پر گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ انتظامیہ سے مذاکرات کے بعد مظاہرین نے احتجاج ختم کرکے قومی شاہراہ ٹریفک کیلئے کھول دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں