پاکستانی ٹوئیٹرصارفین کےلئے خوشخبری،ٹویٹر انتظامیہ نے اکاؤنٹس کی معطلی کا طریقہ کار تبدیل کردیا

اسلام آباد(سی این پی )ٹویٹر انتظامیہ نے اکاؤنٹس کی معطلی کا طریقہ کار تبدیل کردیا ہے اور آئندہ یکطرفہ طور پر پاکستانی صارفین کے ٹویٹر اکاؤنٹس معطل نہیں کئے جائیں گے۔وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مطابق حکومت پاکستان اور ٹویٹر انتظامیہ کے درمیان معاملات طے پاگئے ہیں۔چیئرمین نیشنل آئی ٹی بورڈ شباہت علی شاہ نے امریکہ میں ٹویٹر حکام سے تفصیلی ملاقات کی جس میں ٹویٹر پر بھارتی اجارہ داری سے پاکستانی صارفین کی آواز دبانے کا معاملہ زیر بحث آیا۔ ملاقات میں پاکستان نے مؤقف اختیار کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے 5 اگست کے غاصبانہ قبضے کے بعد ٹویٹر کے ذریعے بھارتی غنڈہ گردی میں مزید تیزی آئی اور اہلِ کشمیر کےحق میں آواز اٹھانے پر سینکڑوں پاکستانیوں کے ٹویٹر اکاؤنٹس بلاک کئے گئے۔ ٹویٹر انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی کہ آئندہ یکطرفہ طور پر پاکستانی صارفین کے اکاؤنٹس معطل نہیں کئے جائیں گے اور ٹویٹر انتظامیہ کسی بھی شکایت کی صورت میں براہ راست حکومت پاکستان سے رابطہ کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں