راول پنڈی، ڈینگی کی مریضہ چل بسی،171 افراد میں وائرس کی تصدیق

راولپنڈی (سی این پی)راولپنڈی میں ڈینگی نے انتظامیہ کو بے بس کردیا ہے۔شہر میں ایک اور خاتون ڈینگی کے باعث انتقال کرگئیں، مزید 171 مریضوں میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوگئی۔راولپنڈی کے بینظیر بھٹو اسپتال میں زیرِعلاج ڈینگی کی مریض خاتون جاں بحق ہوگئی۔ کرسچن کالونی کی رہائشی فوزیہ 2 روز قبل اسپتال میں داخل ہوئی تھی۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ڈینگی کے باعث شہر میں اب تک 17 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 171مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔موسم بدلنے کے باوجود ڈینگی کے خوف کی تلوار راولپنڈی کے شہریوں کے سروں پر لٹک رہی ہے۔سی اے او ہیلتھ ڈاکٹر سہیل نے کہا ہے کہ درجہ حرارت کم ہونے سے مچھر گھروں کا رخ کرتے ہیں، ایسی صورت میں بچوں اور بزرگوں کو خاص احتیاط کی ضرورت ہے۔اسپتالوں میں قائم ڈینگی کائونٹرز پر مریضوں کی طویل قطاریں لگی ہوئی ہیں۔ اسپتالوں کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ڈینگی سے نمٹنے کے لیے انہوں نے تمام تر تیاریاں کر رکھی ہیں۔اس کے علاوہ محکمہ صحت پنجاب کے اعداد و شمار کے مطابق صوبے میں رواں برس ڈینگی کیسز کی تعداد 5600 سے تجاوز کرگئی ہے۔24 گھنٹے کے دوران لاہور سے 24 ڈینگی کے مریض اسپتال لائے گئے۔سرگودھا اور فیصل آباد سے 4،4 جب کہ بھکر، بہاولپور، رحیم یارخان اور گوجرانوالہ سے 2،2 مریض رپورٹ ہوئے۔ڈینگی لاروا کی موجودگی پر صوبے بھر میں 124 کمرشل مقامات کیخلاف مقدمات درج کرائے گئے جبکہ 33 افراد کو گرفتار کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں