27 اکتوبر کو بھارت کے خلاف ریاست گیر احتجاج کا اعلان

مظفرآباد(سی این پی) وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے 27 اکتوبر کو بھارت کے خلاف ریاست گیر احتجاج کا اعلان کردیا۔تفصیلات کے مطابق 27 اکتوبر 1947 کو بھارت نے کشمیر میں غیرقانونی طور پر فوجیں اتاری تھیں، اسی دن کی مناسبت سے آزادکشمیر میں بھارتی جارحیت اور قبضے کے خلاف احتجاج کیا جائے گا۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے دفتر کا دورہ کیا، اس موقع پر مقبوضہ کشمیر اور ایل اوسی کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا، دریں اثنا فاروق حیدر نے 27 اکتوبر کو ریاست گیر احتجاج کا اعلان بھی کردیا۔وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کو ڈھائی ماہ ہوگئے، وادی قید خانے کا منظر پیش کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے داخلے کے دن یوم سیاہ منایا جائے گا، عزت اور غیرت پر حرف آنے کا امکان ہو تو اسباب کی پروا نہیں کی جاتی۔ان کا کہنا تھا کہ مودی کی آبی دہشت گردی کی دھمکی اس کے اصل عزائم کی عکاس ہے، حریت کانفرنس تحریک آزادی کشمیر میں بھرپور حصہ ڈالنے پر رہنمائی کرے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی جارحیت کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے۔ دریں اثنا حریت رہنمائوں نے راجہ فاروق حیدر کی قیادت پر مکمل اعتماد کااظہار کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں