کوریا کے بدھ مت پیروکاروں کی ہری پور آمد، کشمیریوں کے لیے خصوصی دعا

پشاور(سی این پی)کوریا سے آئے ہوئے بدھ مت پیروکاروں کے ایک گروپ نے ضلع ہری پور میں سیاحت کے دوران کشمیریوں کی آزادی کے لیے خصوصی دعا کی۔تفصیلات کے مطابق بدھ مت کے پیروکار بھی کشمیر کی آزادی کے لیے دعائیں کرنے لگے، پاکستان میں سیاحت کے لیے آئے ہوئے ایک گروپ نے ہری پور میں کشمیریوں کے لیے خصوصی دعا کی۔بدھ مت کے پیروکار کوریا سے خان پور بھمالہ، ضلع ہری پور میں مذہبی سیاحت کے لیے آئے ہیں۔کوریا سے آئے راہبوں نے خان پور کے مقام بھمالہ میں تاریخی مقامات کی سیر کی اور بدھ مت کے مقدس مقامات پر مذہبی رسومات ادا کیں، تین رکنی راہبوں کے وفد نے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یک جہتی بھی کیا۔بدھ مت راہبوں کے وفد کا استقبال ڈائریکٹر آرکیالوجی و میوزیم خیبر پختون خوا ڈاکٹر عبدالصمد نے کیا، انھوں نے کہا بھمالہ کے مقام پر موجود بدھ مت کے ٓاثار دو ہزار سال پرانے ہیں۔بدھ مت پیروکار سوات، مردان اور پشاور کا بھی دورہ کریں گے، ڈاکٹر عبد الصمد نے کہا کہ صوبے میں مذہبی سیاحت کو فروغ دیا جا رہا ہے اور اس مقصد کے لیے 1 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ یہاں بدھ مت کے ہزاروں مقدس مقامات موجود ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں