مریم اورنگزیب کو شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کی اجازت مل گئی

اسلام آباد(سی این پی)احتساب عدالت اسلام آباد نے مریم اورنگزیب کو شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کی اجازت دے دی۔جمعہ کو شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کیلئے مریم اورنگزیب کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کیس کی سماعت کی۔عدالت نے مریم اورنگزیب کی درخواست منظور کر لی اور بدھ کے روز شاہد خاقان عباسی سے ملنے کی اجازت دیدی۔احتساب عدالت اسلام آباد میں مریم اورنگزیب کی جانب سے شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کیلئے درخواست جمعرات کو دائر کی گئی تھی۔ درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کی اجازت دی جائے۔ اس موقع پر مریم اورنگزیب اور جج محمد بشیر میں دلچسپ مکالمہ ہوا۔ جج نے استفسار کیا کہ اگر شاہد خاقان عباسی ہی ملاقات نہ کرنا چاہتے ہیں تو کیا کریں؟ مریم اورنگزیب نے کہا کہ سر اگر آپ اجازت دیں گے تو ہم ان سے منت کرلیں گے، نیب کی حراست کے دوران آپ کی اجازت پر ملاقات ہوئی تھی،جوڈیشل ریمانڈ ہونے کے بعد جیل حکام ملاقات نہیں کرنے دیتے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں