چالیس ارب مالیت کے 9 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری

اسلام آباد(سی این پی)سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے توانائی، صحت اور تعلیم سمیت 40 ارب روپے مالیت کے 9ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی۔ چھوٹے ڈیموں سمیت 55 ارب سے زیادہ مالیت کے 2 بڑے منصوبے حتمی منظوری کیلئے ایکنک کو بھجوا دیے گئے۔سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن ڈاکٹر جہانزیب خان کی زیرِصدارت ہوا ۔اجلاس میں توانائی شعبے کے 5 منصوبوں کی منظوری دی گئی۔ گلگت بلتستان علاقائی گرڈ فیز1، نواب شاہ سب اسٹیشن کی تعمیرکے لیے 6 ارب 29 کروڑکا منصوبہ جبکہ لاڑکانہ میں 220 کے وی کے سب اسٹیشن کی تعمیرکا منصوبہ منظورکرلیا گیا ۔مختلف شہروں کے لیے ایمرجنسی ریکوری سسٹم کے لیے 220 کے وی موبائل گرڈ اسٹیشن اور ایمرجنسی سروس کے لیے، 500 کے وی شینٹ ری ایکٹر کی خریداری کے لیے6 ارب 97 کروڑ روپے کا منصوبہ منظورکیا گیا۔اسائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے شعبے میں پاکستان ریسرچ ریکٹر تھری کے لیے4 ارب 85کروڑ کا منصوبہ بھی منظورکرلیا گیا۔اسلام آباد میں 2 ارب 85کروڑ روپے کی لاگت سے نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی ، سی ڈی ڈبلیو پی نے محفوظ انتقال خون فیز 2 کے علاوہ میڈیکل ڈیوائس ڈویلپمنٹ سینٹر کا منصوبہ بھی منظورکرلیا گیا۔اس کے علاوہ بارانی علاقوں میں چھوٹے ڈیموں کے کمانڈ ایریا میں اضافے کے لیے ساڑھے 27 ارب مالیت کا میگا پراجیکٹ بھی حتمی منظوری کے لیے ایکنک کو بھجوا دیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں