سانحہ ساہیوال کے ملزمان کی بریت کے خلاف اپیل دائر

لاہور(سی این پی) حکومت پنجاب نے سانحہ ساہیوال کے ملزمان کی بریت کے خلاف اپیل دائر کردی ، جس میں کہا گیا ااے ی سی نے حقائق نظراندازکرکے ملزمان کوبری کیا، 6 ملزم اہلکاروں کی بریت کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر حکومت پنجاب نے سانحہ ساہیوال کے ملزمان کی بریت کے خلاف اپیل دائر کردی، اپیل ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل پنجاب عبدالصمد نے لاہور ہائی کورٹ میں دائر کی۔اپیل میں موقف اپنایا گیا کہ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے حقائق نظر انداز کرکے ملزمان کو بری کیا، ٹرائل کورٹ نے ویڈیوریکارڈکونظراندازکیا، عدالت نے قانونی طریقہ کارکے برعکس گواہوں کوتحفظ فراہم نہیں کیا۔اپیل میں کہا گیا اہم ترین کیس کی عدالتی کارروائی ان کیمرہ نہیں کی گئی، ٹرائل کورٹ نے فرانزک ثبوتوں کواہمیت نہ دیکرمقدمہ کمزورکیا، ٹرائل کورٹ نے منحرف گواہوں کیخلاف کارروائی نہیں کی۔اپیل میں کہا گیا ٹرائل کورٹ نے جے آئی ٹی رپورٹ میں ملزمان کے تعین کونظراندازکیا، استدعا ہے سی ٹی ڈی کے 6 ملزم اہلکاروں کی بریت کا فیصلہ کالعدم قراردیا جائے۔یاد رہے وزیراعظم عمران خان نے سانحہ ساہیوال کیس کے فیصلے پر اظہار تشویش کرتے ہوئے پنجاب حکومت کو فیصلے کے خلاف اپیل کی ہدایت کی تھی اور کیس کی پیروی میں استغاثہ کی کمزوری اور خامیوں کی تحقیقات کا بھی حکم دیا تھا۔واضح رہے سانحہ ساہیوال کیس میں انسداددہشت گردی عدالت نے تمام ملزمان کو عدم شواہدکی بنیادپر بری کر دیا تھا، ملزموں صفدر ، رمضان ، احسن ، سیف اللہ ، حسنین اور ناصر کے خلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج تھا، مقدمے کے53 گواہان اپنے بیانات سے منحرف ہوگئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں