زرعی ترقیاتی بینک میں جعلی ڈگریوں کے حامل افسران تعینات،قائم مقام صدر کی آشیرباد حاصل

سپریم کورٹ کی ہدایت کے باجود بااثر مافیا کی من پسند افراد کو کھلی چھٹی، جس وجہ سے ڈگریوں کی تصدیق کاعمل التوا کا شکار ہے
اسناد اور ڈگریوں کی تصدیق کا عمل جاری ہے، مکمل ہونے تک اعدادوشمار نہیں دے سکتے ، ترجمان زرعی ترقیاتی بینک ناصر حسین
اسلام آباد(سی این پی )زرعی ترقیاتی بینک کے ملازمین کے اسناد کی تصدیق کا عمل مکمل نہ ہوسکا ،ذرائع کے مطابق اسسٹنٹ وائس پریذیڈنٹ اور نچلے گریڈ کے ملازمین کی اسناد کی تصدیق کا عمل تو مکمل ہو چکا ہے مگر افسران کی ڈگریاں تاحال تصدیق کے مرحلے سے نہیں گزریں ، باوثوق ذرائع کے مطابق متعدد افسران جعلی ڈگریوں کے حامل ہیں اور کچھ پر مبینہ طور پر الزام ہے کہ وہ جعلی ڈگریوں کی وجہ سے سابق محکموں سے مستعفی ہوئے اور اس وقت زرعی ترقیاتی بینک میں کام کر رہے ہیں ،ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ مشکوک اسناد اور ڈگریوں کے حامل افسران کو زرعی ترقیاتی بینک کے با اثر مافیا اور قائم مقام صدرزرعی ترقیاتی بینک شیخ امان اللہ کا آشرباد حاصل ہے جسکی وجہ سے افسران کی مشکوک اسناد اور ڈگریوں کی تصدیق کا معاملہ التواء کا شکار ہے ۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ من پسند افسران کی نوکریاں بچانے کیلئے مافیا متحرک ہے جسکی وجہ سے انکی ڈگریاں تصدیق کے مرحلے سے نہیں گزر رہی ہیں ،واضح رہے کہ زرعی ترقیاتی بینک کے ملازمین کی تعلیمی اسناد اور ڈگریوں کی تصدیق کاعمل گزشتہ ڈیڑھ برس سے التوا کا شکار تھا جبکہ اس حوالے سے سپریم کورٹ آف پاکستان نے تمام سرکاری اداروں کو اپنے افسران کی ڈگریوں کی تصدیق کی ہدایت کی تھی ،تاہم سپریم کورٹ کی واضح ہدایت کے باجود بااثر مافیا نے من پسند افراد کو کھلی چھٹی دے رکھی ہے ،اس حوالے سے جب ترجمان زرعی ترقیاتی بینک ناصر حسین کا کہنا تھا کہ زرعی ترقیاتی بینک کے ملازمین کی تعداد بہت زیادہ ہے اس لئے ڈگریوں کی تصدیق کا عمل جاری ہے اور ابھی مکمل نہیں ہوا ہے ۔حکومتی پالیسی کے مطابق ہم نے گزشتہ سال اپنے ملازمین کو ڈگریوں کی تصدیق کے احکامات جاری کئے تھے ،جن ملازمین کی اسناد اور ڈگریاں تصدیق نہیں ہوئیں انہیں ملازمت سے فارغ کر دیا گیا ہے ،جب ان سے استفسار کیا گیا کہ اب تک کتنے ملازمین اور افسران کی اسناداور ڈگریاں تصدیق کے عمل سے گزر چکی ہیں،کتنے ملازمین کی ڈگریاں تصدیق ہو چکی ہیں اور کتنے ملازمین کو جعلی اسناد یا ڈگریوں کی وجہ سے زرعی ترقیاتی بینک نے ملازمت سے نکالا ہے تو انہوں نے یہ کہہ کر معلومات دینے سے انکار کردیا کہ ابھی اسناد اور ڈگریوں کی تصدیق کا عمل جاری ہے جب تک مکمل نہیں ہو جاتا اعدادوشمار نہیں دے سکتے یہ ادارے کی پالیسی ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں