کشمیر جل رہا ہے مگر سلامتی کونسل خاموش ہے، صدر آزاد کشمیر

مظفرآباد(سی این پی)آزاد کشمیر کے صدر مسعود خان نے مطالبہ کیا ہے کہ اقوام متحدہ انسانی حقوق کمیشن رپورٹ پر عمل درآمد کرائے، جبکہ برطانوی حکومت کشمیر پر سلامتی کونسل کے اجلاس کے لیے کردار ادا کرے۔تفصیلات کے مطابق صدر آزادکشمیر مسعود خان سے برطانوی لارڈ ڈنکن کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی، اس موقع پر کشمیر کی موجودہ صورت حال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، دریں اثنا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدرآزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ کشمیر جل رہا ہے مگر سلامتی کونسل خاموش ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کے لیے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بناکر کشمیر بھیجی جائے، مطالبہ ہے سلامتی کونسل کشمیر کے لیے کردار اداکرے، جبکہ برطانوی سیاسی جماعتیں بھی انتخابی مہم میں مسئلہ کشمیر اجاگر کریں۔مسعود خان کا کہنا تھا کہ بھارت نے جموں کشمیر اور کارگل لداخ کو یونین ٹیرٹیریز کاحصہ بنا دیا، بھارتی اقدام عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، مقبوضہ کشمیر کی صورت حال انتہائی تشویشناک ہے، عالمی برادری کو معاملے کی سنگینی کا اندازہ ہونا چاہیے۔اس موقع پر لارڈ ڈنکن کا کہنا تھا کہ بھارت کا مقبوضہ کشمیر میں رویہ ظالمانہ وغیر ذمہ دارانہ ہے، عالمی اداروں کو مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں