مشیر برائے تجارت کی11 ویں انٹیریئرز پاکستان کے کامیاب انعقاد پرچیف ایگزیکٹو پاکستان فرنیچرکونسل کو مبارکباد

اسلام آباد(سی این پی) وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبد الرزاق دائود نے11 ویں انٹیریئرز پاکستان کے کامیاب انعقاد پر پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی) کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق کو مبارکباد دی ہے۔ پی ایف سی کے چیف ایگزیکٹو کے نام مبارکباد کے پیغام میں عبدالرزاق دائود نے کہا ہے کہ پی ایف سی ایسے ایونٹس کے انعقاد کے ذریعے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر معیشت کے فروغ میں اپنا بھر پور کردار ادا کر رہی ہے۔ ایسی نمائشیں خریداروں اور کاروباری افراد کو ایک جگہ اکٹھا کرنے کے ساتھ ساتھ چھوٹے کاروباری افراد کو بڑے اداروں اور پروفیشنلز کے ساتھ مل بیٹھنے، معلومات کے اشتراک اور بین الاقوامی تجارت اور سرمایہ کاری کے لئے پلیٹ فارم مہیا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نمائش کے دورہ کے دوران انہوں نے مشاہدہ کیا ہے کہ اگر مصنوعات کے معیار پر توجہ دے کر انہیں بین الاقوامی معیار پر لایا جائے تو پاکستان کی فرنیچر کی صنعتمیں برآمدات کو بڑھانے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان برآمدات کے حجم میں اضافہ کے لئے نجی شعبے کی بھر پور حوصلہ افزائی اور بہترین مراعاتی پیکیج کی فراہمی کے لئے پر عزم ہیں۔ انہوں نے پی ایف سی کے سربراہ سے کہا کہ وہ ٹھوس اور قابل عمل تجاویز پیش کریں تاکہ وزیر اعظم کے وژن کے مطابق اہداف کے حصول کرنے کے لئے بروقت اور نتیجہ خیز اقدامات اٹھائے جاسکیں۔ ملک میں معاشی نمو کی رفتار کو تیز کرنے میں مدد کے حوالے سے آپ جب چاہے میرے ساتھ رابطہ کر سکتے ہیں۔ میاں کاشف اشفاق نے اس حوصلہ افزاء پیغام پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پی ایف سی معاشی پالیسیوں پر عمل درآمد کے لئے حکومت کو ہر طرح سے مدد اور تعاون فراہم کرے گی کیونکہ اس سے برآمدات کے فروغ اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو بڑھانے میں بھی مدد ملے گی۔ بزنس کمیونٹی بہت پر امید ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی متحرک قیادت میں ملکی معیشت جلد بحال ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فرنیچر انڈسٹری کا مستقبل بہت روشن ہے اور انٹیریئرز پاکستان نمائشوں کے ذریعہ مقامی مہارتیں اور صلاحیتیں دنیا بھر میں اجاگر کی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انٹیریئرز پاکستان ملک میں بین الاقوامی تجارتی نمائشوں کے آغاز اور بیرون ملک بین الاقوامی نمائشوں میں شرکت کے امکانات بڑھانے کی طرف اہم قدم ہے.

اپنا تبصرہ بھیجیں