کراچی میں کار سوار ملزمان نوجوان کو گولی مار کر لڑکی کو اغوا کر کے فرار

کراچی (سی این پی)کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس میں کار سوار ملزمان نے ایک نوجوان کو گولی مار کر اس کے ساتھ موجود لڑکی کو اغوا کر کے فرار ہو گئے۔پولیس کے مطابق واقعہ درخشاں تھانے کی حدود ڈیفنس میں خیابان بخاری کی بخاری کمرشل اسٹریٹ پر رات 10 بجے پیش آیا جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق نوجوان لڑکا اور لڑکی بخاری کی مین اسٹریٹ پر سڑک پر پیدل جا رہے تھے کہ کار میں سوار ملزمان وہاں پہنچے اور لڑکے کو فائرنگ کر کے شدید زخمی کر دیا جب کہ لڑکی کو زبردستی کار میں اغوا کر کے فرار ہو گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی ساتھ شیراز نذیر اور ایس پی انویسٹی گیشن فوری طور پر نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور تحقیقات شروع کر دیں۔ایس ایس پی ساتھ شیراز نذیر کا کہنا تھا کہ واقعے کے بعد علاقے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی جا رہی ہے اور کچھ عینی شاہدین کے بیانات بھی ریکارڈ کیے گئے ہیں، حقیقی نوعیت جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔پولیس نے بتایا کہ زخمی نوجوان کو فوری طور پر ایک نجی اسپتال منتقل کیا گیا جس کی شناخت حارث سومرو کے نام سے ہوئی، نوجوان کی گردن میں گولی لگی ہے اور اس کی حالت خطرے میں ہے۔زخمی حارث نے پولیس کو بیان دیتے ہوئے بتایا کہ گاڑی میں کچھ لوگ آئے تھے جو مجھے گولی مار کر دوست کو اغوا کر کے ساتھ لے گئے۔پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش کے دوران لڑکی کا نام دعا منگی سامنے آیا ہے اور لڑکی کے گھر والوں نے اب تک کسی قسم کا رابطہ نہیں کیا ہے۔ادھر آئی جی سندھ کلیم امام نے ایس ایس پی ساتھ سے واقعے کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ عینی شاہدین کے بیانات کی روشنی میں قانونی امور کو مثر بنایا جائے۔ خیال رہے کہ گزشتہ ماہ ڈیفنس ہی کے علاقے خیابان راحت کے ایک فلیٹ میں رکشہ ڈرائیور محمد اقبال کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔ابتدائی معلومات کے مطابق رکشہ ڈرائیور فلیٹ کی رہائشی عنبرین نامی خاتون کی بھانجی کو اسکول سے لیکر گھر پہنچا تو وہاں پہلے سے موجود افراد نے ان پر فائرنگ کر دی جس سے وہ جاں بحق ہو گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں