جرمن وزیر کا بیان امریکی فوجیوں کی توہین ہے،امریکی سفیر

برلن(سی این پی)جرمنی میں تعینات امریکی سفیر رچرڈ گرینل نے جرمن وزیر کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جرمن وزیر کا بیان جرمنی میں تعینات امریکی فوجیوں کی توہین ہے۔میڈیا کی جانب سے جاری اطلاعات کے مطابق امریکی سفیر نے جرمن وزیر کا نام لیے بغیر کہا کہ سینئر جرمن عہدے دار نے امریکا کو چینی کمیونسٹ پارٹی کے مساوی قرار دیا ہے۔ یہ بیان جرمنی کی سلامتی یقینی بنانے میں مدد کرنے والے ہزاروں امریکی فوجیوں اور مغربی الائنس کو مضبوط بنانے کے لیے پرعزم امریکیوں کی توہین ہے۔واضح رہے کہ جرمن وزیرِ تجارت پیٹر الٹمائر نے ٹی وی ٹاک شو گفتگو کے دوران چین کی ٹیلی کمیونی کیشن گروپ ہواوے پر پابندی نہ لگانے کے فیصلے کا دفاع کیا تھا۔انہوں نے کہا تھا کہ جرمنی کو تو امریکی کمپنیوں سے بھی سیکیورٹی کا اتنا ہی خطرہ لاحق ہے جتنا چینی کمپنیوں سے ہے۔جرمن وزیرِ تجارت کا یہ بھی کہنا تھا کہ امریکی خفیہ ایجنسی کی جانب سے جرمن چانسلر اینجلا مرکل کے فون ٹیپ کرنے کے بعد بھی جرمنی نے امریکی کمپنیوں کا بائیکاٹ نہیں کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں