نیب کا شہباز شریف کے اثاثے منجمد کرنے کا حکم

لاہور(سی این پی) قومی احتساب بیورو (نیب)نے پاکستان مسلم لیگ(ن)کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے اثاثے منجمد کردیے ہیں۔گزشتہ ماہ نیب نے آمدن سے زائد اثاثہ جات سمیت دیگر کیسز میں شہبازشریف فیملی کے مختلف کمپنیوں میں شیئرز منجمد کردیئے تھے جب کہ بینک اکائونٹس منجمد کرنے کیلئے متعلقہ بینکوں کو بھی لیٹرز لکھ کر ایس ای سی پی اورشہباز شریف فیملی کو نوٹس جاری کیے تھے۔تاہم اب نیب نے شہباز شریف کے تمام اثاثے منجمد کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں جن کے مطابق ان کی منجمد کی پراپرٹیز میں 13 جائیدادیں شامل ہیں۔نیب نے شہباز شریف کے لاہور میں ڈیفنس فیز 5 کے دو گھر اور ماڈل ٹائون کے دو گھر 96 ایچ اور 87 ایچ بھی منجمد کردیے ہیں جب کہ شہباز شریف کی ایبٹ آباد کے علاقے ڈونگا گلی کی رہائش گاہ بھی منجمد کرنے کا حکم دیا ہے۔اس کے علاوہ ہری پور کی 3اور چنیوٹ میں دو مقامات پر جائیدادیں بھی منجمد کرنے کے احکامات دیے گئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں