نیوٹریشن پر صوبوں کے ساتھ 500 ارب کا پروگرام لا رہے ہیں، ظفر مرزا

اسلام آباد(سی این پی)معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ حکومت شعبہ صحت کے بجٹ میں نمایاں اضافہ کر رہی ہے، نیوٹریشن پر صوبوں کے ساتھ 500 ارب کا پروگرام لا رہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق ہیلتھ سروس اکیڈمی میں سالانہ دسویں پبلک ہیلتھ کانفرنس منعقد ہوئی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ حکومت شعبہ صحت کے بجٹ میں نمایاں اضافہ کر رہی ہے۔ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ مشروبات اور سگریٹ پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی میں اضافہ کیا۔ ایف ای ڈی کے محاصل شعبہ صحت پر خرچ ہوں گے، وفاقی دارالحکومت کو ماڈل ہیلتھ سٹی بنا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پسماندہ طبقے کو صحت انصاف کارڈ سے مفت علاج فراہم کر رہے ہیں، نیوٹریشن پر صوبوں کے ساتھ 500 ارب کا پروگرام لا رہے ہیں۔ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ حکومت شعبہ صحت کو سیاست سے پاک کرنا چاہتی ہے، صوبوں کے تعاون سے لاڑکانہ میں ایڈز کی وبائی صورتحال پر قابو پایا۔انہوں نے مزید کہا کہ پہلی حکومت ہے جو مقامی اداروں کو مضبوط بنا رہی ہے، احساس پروگرام غربت کے خاتمے کے لیے اہم کردار ادا کرے گا۔اس سے قبل ایک موقع پر ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ پاکستان میں انجیکشنز لگائے جانے کا تناسب دنیا میں سب سے زیادہ ہے، ملک میں ہر شہری کو سالانہ 10 انجیکشنز لگائے جاتے ہیں، شہریوں کو لگنے والے 95 فیصد انجکشنز غیر ضروری ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان میں ہر دسواں شخص ہیپاٹائٹس میں مبتلا ہے، 85 فیصد سرنجوں کا ایک سے زائد بار استعمال کیا جاتا ہے، لاڑکانہ میں ایڈز کے پھیلا کی اہم وجہ سرنج کا دوبارہ استعمال بنا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں