واریئر سیون مشترکہ فوجی مشقوں کے لئے چین سپیشل فورسز کا دستہ پاکستان کے لئے روانہ

بیجنگ(سی این پی)چین کی سپیشل فورسز کا بڑا دستہ پاک فوج کے ساتھ ایک ماہ طویل دورانیہ پر مشتمل واریئر سلسلے کی ساتویں مشترکہ فوجی مشقوں میں حصہ لے گا جس کے لئے چین کی پیپلز لبریشن آرمی سنکیانگ ملٹری ریجن کا سپیشل فورسز بریگیڈ کا ایک دستہ پاکستان روانہ ہوگیا ہے۔ اس بات کا اظہارچین کی وزارت قومی دفاع سے جاری بیان میں کیا گیا ہے۔ چین کی وزارت قومی دفاع کے مطابق واریئر سیون مشترکہ فوجی مشقوں میں چینی فوجی، فضائی ٹرانسپورٹیشن اور گاڑیوں کو بھی استعمال لائیں گے۔انہوں نے کہا کہ واریئر سیون مشقوں کا مقصد دونوں ملکوں کے مشترکہ منصوبوں کو دہشتگردی کے خطرات سے نمٹنے کی فوجی صلاحیت کو بڑھانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ واریئر سیون مشقوں میں دونوں ممالک کی سپیشل فورسز حصہ لے رہی ہیں اور ان مشقوں کے دوران متنوع مشنز کے ذریعے جہاں باہمی فوجی تعاون اور مواصلاتی رابطے مزید مضبوط بنائے جائیں گے وہاں ایک دوسرے کی جنگی تجربات سے سیکھنے کے ساتھ درپیش سیکورٹی خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت کو بھی جانچا جائے گا۔ چینی وزارت قومی دفاع کے بیان کے مطابق اس مرتبہ مرکزی تنصیبات کے مشترکہ دفاع کو ان مشقوں میں پہلی بار شامل کیا گیا ہے جس دوران دونوں ملکوں کی فوج پہاڑی علاقوں میں انسداد دہشتگردی کی کارروائیوں کی مشقیں کریں گے۔ چین کے انسٹی ٹیوٹ آف کنٹمپریری انٹرنیشنل ریلیشنز کے انسداد دہشتگردی کے ماہر لی وی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ان مشقوں میں اس بار سرکاری اور سویلین عمارتوں سمیت سی پیک کے مرکزی منصوبوں کے دفاع کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ وزارت دفاع کے بیان میں چینی یونٹ کے کمانڈر یانگ لی نے کہا کہ ان مشقوں میں گولہ بارود استعمال ہوگا تاکہ کمانڈروں اور فوجیوں دونوں کی صلاحیتوں کو جانچا جا سکے۔ ان مشقوں سے چینی اور پاکستانی فوج کے مابین تربیتی تعاون کو تقویت ملے گی اور چینی اور پاکستانی فوج کے مابین روایتی دوستی کو مزید تقویت حاصل ہوگی۔ واضح رہے کہ چینی اور پاکستانی فضائیہ نے رواں سال اگست میں شمال مغربی چین میں نصف ماہ طویل شاہین ہشتم مشترکہ فضائیہ مشقیں کی تھیں۔ دونوں ممالک آئندہ ماہ جنوری میں پاکستانی پانیوں میں مشترکہ بحری مشق بھی کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں