ز لمے خلیل زاد کا داعش کیخلاف افغان طالبان کی کوششوں کا اعتراف

واشنگٹن (سی این پی)امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے داعش کیخلاف افغان طالبان کی کوششوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ننگرہارمیں داعش کے خلاف حالیہ مہم اس کی ایک مثال ہے۔تفصیلات کے مطابق امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر داعش کیخلاف افغان طالبان کی کوششوں کااعتراف کرتے ہوئے کہا داعش کیخلاف افغانستان میں بڑی پیشرفت ہوئی ہے، ننگرہارمیں داعش کیخلاف حالیہ مہم اس کی ایک مثال ہے۔ز لمے خلیل زاد کا کہنا تھا کہ ننگرہار میں داعش نے اپنے زیرقبضہ علاقہ اورجنگجوکھوئے جبکہ داعش کے ہزاروں جنگجوہتھیارڈال چکے ہیں، یہ سب امریکی ، افغان فورسز کے ساتھ طالبان کے موثر آپریشنز کے باعث ممکن ہوا، داعش کا مکمل خاتمہ نہیں ہوا پر ننگرہارمیں کامیابیاں حقیقی پیشرفت ہے۔یاد رہے گذشتہ ماہ افغان حکام نے دعوی کیا تھا کہ افغانستان کے ایک اہم مشرقی صوبے میں داعش سے منسلک گروپ کو شکست دی جا چکی ہے اور ن داعش کے 600 سے زائد شدت پسندوں نے اپنے اہلخانہ کے ہمراہ ہتھیار ڈال دیے ہیں۔افغانستان کے صدر اشرف غنی نے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایک سال قبل کسی کو اس بات کا یقین نہیں تھا کہ ہم ان کے خلاف کھڑے ہوں گے اور آج ہم داعش کی تباہی کا اعلان کر رہے ہیں۔بعد ازاں طالبان نے افغان صدر کے موقف کو مسترد کرتے ہوئے داعش کی تباہی کو افغان طالبان کا کارنامہ قرار دیا تھا۔خیال رہے صوبہ ننگرہار کو داعش کا گڑھ تصور کیا جاتا تھا، جہاں سے وہ افغان دارالحکومت کابل سمیت ملک بھر میں بم دھماکے اور شدت پسندی کی کارروائیاں کرتے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں