ابرار الحق کی بطورچیئرمین ہلال احمر تعیناتی کے حکم کی معطلی برقرار

اسلام آباد(سی این پی) اسلام آباد ہائی کورٹ نے ابرار الحق کی بطورچیئرمین ہلال احمر تعیناتی کے حکم کی معطلی برقرار رکھی اور وفاق کو جواب داخل کرانے کے لیے مہلت دے دی۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ابرارالحق کی بطور چیئرمین ہلال احمر تعیناتی کے خلاف کیس کی سماعت کی، سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کی۔عدالت نے کہا آئندہ سماعت تک ابرار الحق کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن معطل رہے گا جبکہ وفاق نے جواب داخل کرانے کے لیے مہلت طلب کرلی ، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا جواب تیار ہے آج ہائیکورٹ میں جمع کرائیں گے۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاق کی استدعا منظور کرلی، چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے کہا پہلے وفاق کاجواب آ جائے پھر سماعت کریں گے اور سماعت 12 دسمبر تک ملتوی کر دی۔گذشتہ سماعت میں ابرارالحق کے وکیل کا کہنا تھا کہ ہلال احمر ایک فلاحی ادارہ ہے، ہلال احمر کے چیئرمین کی تعیناتی کے خلاف رٹ قابل سماعت نہیں ہے، جس پر چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے تھے کہ قانون موجود ہے اس کی کوئی خلاف ورزی نہیں کرسکتا۔یاد رہے کہ 18 نومبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے سماجی کارکن اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ابرارالحق کی بطور چیئرمین ہلال احمر کی تعیناتی کا حکم معطل کر دیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں