گورنمنٹ سکول جنڈ میں باسکٹ بال کورٹ کا افتتاح،ایم پی اے تیمور مسعود اکبرنے طلبہ کی حوصلہ افزائی کی

جنڈ(سی این پی)گورنمنٹ دانش سکول تحصیل جنڈضلع اٹک میں باسکٹ بال کورٹ کا افتتاح کیا گیا۔ افتتاح پارلیمانی سیکریٹری پلاننگ و ڈویلپمنٹ( ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب) ملک تیمور مسعود اکبر نے کیا،ان کے ہمراہ پرنسپل دانش سکول برائے طلبہ(جنڈ) پروفیسرمحمد رفیع الدین،اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعدا د شریک تھی۔

ممبر صوبائی اسمبلی تیمور مسعود اکبرنے تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ وہ دانش سکول کے ڈسپلن سے بہت متاثرہوئے اورانہیں خوشی ہوئی کہ بچوں کو اچھے ماحول میں تعلیم کیساتھ ساتھ صحت مندا نہ سرگرمیاں میسر ہیں۔انکا کہنا تھا کہ کھیل صحت مند زندگی کیلئے نہایت ضروری ہے ۔ کھیل صرف تفریح کا ذریعہ ہی نہیں بلکہ جسم کو چاق و چوبند اورصحت مند بنانے کا بھی ذریعہ ہے ۔میدان کھلاڑی میں قائدانہ صلاحیتوں کو اُبھارتا ہے،کھیل کی اہمیت کو مدِ نظر رکھتے ہوئے تعلیمی اداروں میں میدان آباد ہونے چاہیے تاکہ طلبہ کو غیرنصابی سرگرمیاں میسر آسکیں،انہوں نے کہاکہ اساتذہ کو چاہیے طلبہ میں کھیل کے رجحان کو پیدا کریں تاکہ ہم صحت مند مستقبل کی جانب بڑھ سکیں، ٹیکنالوجی کی وجہ سے طلبہ میں میدان اورکھیل کارجحان کم ہونا باعث تشویش ہے،پنجاب حکومت تعلیمی اداروں میں نصابی اورغیرنصابی سرگرمیوں کے فروغ کےلئے کوشاں ہے،میدان آباد ہونگے تو صحت مند معاشرہ قائم اور نوجوانوں میں منفی رجحانات کا خاتمہ ممکن ہوگا.تقریب کے دوران بہترین کارکردگی کے حامل اساتذہ میں اسناد اور شیلڈ تقسیم کی گئیں اور بچوں نے علامتی کھیل بھی پیش کیا.

اپنا تبصرہ بھیجیں