اسلام آباد(سی این پی)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، لاہور اور کراچی سمیت ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں سے 9محرم الحرام کے جلوس برآمد ہو گئے جبکہ سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔9محرم الحرام کی نسبت سے ملک بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے جبکہ جلوس کی گزرگاہ سے ملحقہ سڑکوں کو کنٹینر لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔اسلام آباد،لاہور اور گوجرانوالہ میں ڈبل سواری پر پابندی عائد ہے جبکہ جلوس کے راستوں پر موبائل سروس بھی بند ہے۔دوسری جانب محکمہ داخلہ سندھ اور بلوچستان نے وفاق کو مراسلہ بھیجا تھاجس میں آج اور کل موبائل فون سروس بند کر نے کی سفارش کی گئی تھی۔ جس کے بعد سندھ حکومت نے صوبے میں موبائل سروس بند نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور صوبائی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ کراچی میں جلوسوں کے روٹس پر موبائل فون سروس بند رہے گی۔شہر قائد میں بھی سندھ رینجرز نے سکیورٹی کےانتظامات سخت کر دیئے ہیں جبکہ مجالس، امام بارگاہوں اور مساجد کے اطراف میں سنیپ چیکنگ اور پٹرولنگ بڑھا دی گئی۔ کراچی میں جلوس کی سکیورٹی پر رینجرز کے ساڑھے 5 ہزار اہلکار تعینات ہیں۔پشاور اور کوئٹہ میں بھی آج موبائل فون سروس جزوی طور پر معطل ہے، کوئٹہ میں دہشتگردی کے ممکنہ خدشات کے باعث موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے اور جلوسوں کی فضائی نگرانی ہیلی کاپٹرز سے جاری ہے جبکہ محرم الحرام کے سلسلہ میں کوئٹہ میں پولیس کے آّفس میں کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے۔
