شہادت امام حسین رضی تعالیٰ عنہ حقیقت میں انسانیت کی فتح اور اسلامی اصولوں کی سربلندی ہے،صدر مملکت

اسلام آباد (سی این پی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ یوم عاشور 10 محرم الحرام کو اسلامی تاریخ میں ایک ممتاز حیثیت حاصل ہے۔ یوم عاشور 10محرم الحرام 1441ہجری کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ نواسہ رسولﷺ امامِ عالی مقام حضرت امام حسین رضی تعالیٰ عنہ نے اپنے اہلِ بیت اطہار اور رفقائے کار کے ساتھ میدان کربلا میں یومِ عاشور کو شہادت پاکر تاریخ اسلام میں اس دن کو تاقیامت انمٹ بنا دیا۔انہوں نے کہا کہ یہ عظیم قربانی ہرسال مسلمانوں کو اس بات کی یاد دلاتی ہے کہ فسق و فجور کی طاقتوں کا مقابلہ کرنے کے لیے جان کا نذرانہ پیش کرنے سے بھی دریغ نہیں کرنا چاہیے۔ صدر مملکت نے کہا کہ شہادت امام حسین رضی تعالیٰ عنہ حقیقت میں انسانیت کی فتح اور اسلامی اصولوں کی سربلندی ہے، یہ اسی قربانی کا ثمر ہے کہ ہماری تاریخ میں ایسے جانثار پیدا ہوتے رہے ہیںجنہوں نے ہمیشہ حق اور انصاف کا ساتھ دیا۔صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ آئیے آج کے دن تجدید عہد کریں کہ ہم اُسوہ حسینؓ کی روشنی میں ہر وہ کام کریں گے جو اعلائے کلمة اللہ ، فروغ حق، اسلامی روایات کی پاسداری اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے مفید ہواور دہشت گردی ، انتہا پسندی اور عدم برداشت کے سدباب کے لیے کسی بھی قسم کا اقدام کرنے سے دریغ نہیں کریں گے ۔ انہوں نے اپنے پیغام کے آخر میں دعا کی کہ اللہ تبارک و تعالیٰ پاکستان کو امن، ترقی و خوشحالی سے ہمکنار فرمائے اور یوم عاشور کے اصل پیغام جو کہ قربانی پر مبنی ہے کو ہماری زندگیوں میں شامل فرمائے ۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کا حامی و ناصر ہو۔آمین

اپنا تبصرہ بھیجیں