وزیراعظم کا 13 ستمبر کو مظفرآباد میں جلسہ کرنے کا اعلان

اسلام آباد(سی این پی)مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے وزیراعظم عمران خان نے مظفر آباد میں بڑا جلسہ کرنے کا اعلان کر دیا۔ٹویٹر پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مظفرآباد جانے کا مقصد پوری دنیا کو پیغام دینا ہے کہ ہم کشمیر کے ساتھ کھڑے ہیں، دنیا کو بتائوں گا بھارت نے کشمیر میں مسلسل محاصرہ کر رکھا ہے، جلسے میں کشمیریوں کو یقین دلائوں گا پاکستان ان کے ساتھ ہے۔خیال رہے وزیراعظم عمران خان نے قوم سے خطاب میں بھی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے کشمیر آور منانے کا اعلان کیا تھا۔ عمران خان کا کہنا تھا ہر ہفتے میں ایک دن پوری قوم، ہمارے سکولز، یونیورسٹیز اور دفاتر جانے والے افراد ایک آدھے گھنٹے کے لیے نکلیں گے اور کشمیریوں کے حق میں آواز اٹھائیں گے جس سے متعلق آگاہ کیا جاتا رہے گا۔واضح رہے کہ بھارتی حکومت نے 5 اگست کو غیر آئینی قدم اٹھاتے ہوئے آرٹیکل 370 کو منسوخ کر کے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر دی تھی اور مقبوضہ وادی میں کرفیو نافذ کر کے حریت قیادت اور سیاسی رہنمائوں کو گرفتار کر کے گھروں یا جیلوں میں قید کر دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں