واشنگٹن(سی این پی)اسرائیل امریکا کی بھی جاسوسی کرتا ہے، میڈیا رپورٹس نے بھانڈہ پھوڑ دیا تاہم اسرائیلی وزیراعظم نے خبر کی تردید کر دی۔ امریکی صدر ٹرمپ کہتے ہیں یقین نہیں آتا کہ اسرائیل بھی امریکا کی جاسوسی میں ملوث ہو سکتا ہے۔میڈیانے تین سابق اعلی امریکی اہلکاروں کا حوالے سے خبر دی ہے کہ وائٹ ہائوس کے قریب سے ملنے والے جاسوسی کے آلات کے پیچھے اسرائیل کا ہاتھ ہو سکتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق آئی ایم ایس آئی سٹنگ ریز جاسوسی کے آلات امریکی صدر کی رہائش اور واشنگٹن کے کچھ اور حساس مقامات سے ملے، امریکی اہلکار کے مطابق آلات کا مقصد صدر کی جاسوسی کرنا تھا۔اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر کے مطابق یہ سرا سر جھوٹ ہے۔ ادھر صدر ٹرمپ کہتے ہیں انہیں یقین نہیں آتا کہ اسرائیل، امریکا کی جاسوسی میں ملوث ہے۔واضح رہے کہ اسرائیل ماضی میں بھی امریکہ کی جاسوسی کر چکا ہے جس میں موساد کا ایجنٹ ملوث تھا۔ اسرائیل کو معلومات فراہم کرنے پر ایک امریکی اہلکار کو سزا بھی ہو چکی ہے۔
