اسلام آباد(سی این پی)اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ شاہد خاقان عباسی نے اصولوں پر سمجھوتہ کرنے اور جھکنے کے بجائے جیل جانے کو ترجیح دی۔ انہوں نے بطور وزیراعظم ریکارڈ مدت میں ریکارڈ کام کیا۔ ایل این جی ٹرمینل کی تکمیل ان کا کارنامہ ہے جس سے ملک میں گیس کی قلت کا خاتمہ ہوا۔شہباز شریف اسلام آباد میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے گھر پہنچے، جہاں انہوں نے سابق وزیراعظم کے اہلخانہ سے ملاقات کی۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پارٹی قیادت، کارکن اور عوام شاہد خاقان عباسی کے جذبے اور قربانی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ بہادری، سچائی، ایمانداری اور اہلیت کا دوسرا نام شاہد خاقان عباسی ہے۔انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی نے اصولوں پر سمجھوتہ کرنے اور جھکنے کے بجائے ہمیشہ جیل جانے کو ترجیح دی۔ وہ پاکستان کی سیاسی تاریخ کے ان رہنمائوں میں سے ایک ہیں جنہوں نے نظریے، پارٹی وفاداری اور پرخلوص عوامی خدمت کی قابل فخر مثال قائم کی۔ان کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی نے بطور وزیراعظم کم مدت میں ریکارڈ کام کرانے کے ساتھ ایل این جی ٹرمینل کی تکمیل کو یقینی بنایا جس سے گیس کی قلت ختم ہوئی۔
