لاہور میں پولیس کو مطلوب برقع پوش ڈاکو گرفتار

لاہور(سی این پی) پنجاب کے صوبائی دارالحکومت کے علاقے ایل ڈی اے نواب ٹائون سے ایک برقع پوش ڈاکو گرفتار کر لیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ڈولفن اسکواڈ نے برقع پوش ڈاکو کو گرفتار کر لیا، ملزم مختلف روپ دھار کر اور برقع پہن کر دیگر ساتھیوں کے ہم راہ وارداتیں کرتا تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم برقع میں ایک اور واردات کرنے والا تھا کہ اطلاع ملنے پر پولیس نے اسے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا، ملزم کے دیگر ساتھی فرار ہو گئے۔پولیس کے مطابق گرفتار ڈاکو کا کریمنل ریکارڈ بھی موجود ہے، ملزم سے مختلف وارداتوں سے متعلق تفتیش جاری ہے۔یاد رہے کہ مارچ میں کراچی میں بھی برقع پہن کر واردات کرنے والے دو ڈاکو پولیس نے دھر لیے تھے، نعمان اور فیاض نامی ملزمان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا تھا۔پولیس کا کہنا تھا کہ گرفتار اسٹریٹ کرمنلز خواتین کا روپ دھار کر ڈکیتیاں کرتے تھے، برقع پوش ملزم موٹرسائیکل پر پیچھے بیٹھا کرتا تھا۔کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں ایسے واقعات نئے نہیں، اس سے قبل بھی برقع پوش ملزمان گرفتار کیے جا چکے ہیں۔خیال رہے کہ گزشتہ سال ستمبر میں بھی کراچی میں پولیس نے 2 ملزمان انیس اور بابر حسین کو گرفتار کر کے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کی تھی، ملزمان موٹر سائیکل پر برقع پہن کر مختلف علاقوں میں شہریوں کو ایڈریس پوچھنے کے بہانے روکتے اور اسلحہ دکھا کر لوٹ لیتے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں