ورلڈ ٹائٹل کھیلنے جا رہا ہوں،ہمیشہ صرف پاک فوج نے حوصلہ افزاائی کی، باکسر محمد وسیم

کراچی(سی این پی) پروفیشنل باؤٹ جیتنے والے پاکستانی باکسر محمد وسیم نے کہا ہے کہ وہ جب بھی بیرون ملک سے جیت کر لوٹتے ہیں تو صرف پاک فوج ان کی حوصلہ افزائی کرتی ہے۔تفصیلات کے مطابق باکسر محمد وسیم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ انھیں پاکستان کی نمائندگی کرنے پر بہت خوشی ہے، پہلے بھی پاکستان کی نمائندگی کرتے رہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ 15 سال سے پاکستان کا نام دنیا میں روشن کر رہا ہوں لیکن جب بھی بیرون ملک سے جیت کر آیا صرف پاک فوج نے حوصلہ افزائی کی، اس بارسابق کرکٹرز شاہد آفریدی، وسیم اکرم اورسکوائش چیمپیئن جہانگیر خان نے فون کر کے مبارک باد دی۔محمد وسیم کا کہنا تھا آئندہ پاکستان کے لیے ورلڈ ٹائٹل کھیلنے جا رہا ہوں، پاکستان کی ہسٹری میں کسی نے ورلڈ ٹائٹل نہیں کھیلا ہے، اکتوبر میں میری دوبارہ فائٹ ہونے جا رہی ہے، ٹاپ فائیو میں آ گیا ہوں فائٹ جیت کر ورلڈ ٹائٹل جیتنا چاہتا ہوں۔باکسر محمد وسیم نے مزید کہا کہ حکومت سے درخواست ہے میری آئندہ ہونے والی فائٹ کو سپورٹ کرے، ملک میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے، بس حکومتی سپورٹ چاہیے۔واضح رہے کہ تین دن قبل محمد وسیم نے دبئی میں منعقدہ پروفیشنل باؤٹ جیتی ہے، انھوں نے فلپائن کے باکسر کونراڈو تنومور کو پہلے ہی راؤنڈ میں ناک آؤٹ کر دیا تھا، یہ پروفیشنل باکسنگ کیریئر کا 9 واں مقابلہ تھا جو انھوں نے جیتا۔تاہم باکسر محمد وسیم پاکستان واپس پہنچے تو ائیر پورٹ پر حکومتی عہدے داروں اور باکسنگ فیڈریشن کی جانب سے کسی قسم کا کوئی استقبال نہیں کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں