صلاح الدین کی قبر کشائی؛ نمونے حاصل کرلئے گئے

گوجرانوالہ(سی این پی)اے ٹی ایم مشین توڑنے والے صلاح الدین کی قبرکشائی کردی گئی،صلاح الدین کے والد نے کہا جوحقائق پہلے پوسٹ مارٹم میں چھپائے گئے اب وہ سامنے آئیں گے۔تفصیلات کے مطابق رحیم یار خان میں اے ٹی ایم مشین توڑنے کی پاداش میں گرفتار ہونے اور بعد ازاں پولیس حراست میں جاں بحق ہونے والے صلاح الدین کی قبرکشائی کر دی گئی اس موقع پر میڈیکل بورڈ کی ٹیم بھی وہاں موجود تھی جبکہ قبرکشائی جوڈیشل مجسٹریٹ محمد عارف کی نگرانی میں کی گئی۔صلاح الدین کے والد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جوحقائق پہلے پوسٹ مارٹم میں چھپائے گئے اب وہ سامنے آئیں گے، ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے کیونکہ ملزمان کی گرفتاری کے بغیر انصاف ممکن نہیں۔انھوں نے الزام عائد کیا کہ ملزمان خود کو بے گناہ ثابت کرنے کے لیے مختلف حیلے بہانوں سے کام لے رہے ہیں۔صلاح الدین کے والدنے پوسٹ مارٹم رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کیا تھااورصلاح الدین کے والد کی درخواست پر عدالت نے قبرکشائی کے احکامات جاری کیے تھے۔صلاح الدین کی پولیس حراست میں جاں بحق ہونےکے افسوس ناک واقعے میں فرانزک رپورٹ نے بھی موت سے قبل جسمانی تشدد کی تصدیق کی تھی، رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ صلاح الدین کے بازو اور پیٹ کے بائیں حصے پر تشدد کے نشانات ہیں، تشدد کے مقامات پر خون کے لوتھڑے جمع ہوئے تھے۔واضح رہے کہ اے ٹی ایم مشین توڑ کر اس میں سے کارڈ نکالنے کے الزام میں رحیم یار خان پولیس نے ملزم صلاح الدین کو گرفتار کیا تھا لیکن پولیس تشدد کی وجہ سے وہ حراست میں ہی جاں بحق ہو گیا تھا ، لواحقین کا کہنا تھا کہ صلاح الدین ذہنی مریض تھا جو ہمیشہ ادھر ادھر گھومتا رہتا تھا۔یاد رہے صلاح الدین کی پولیس حراست میں ہلاکت کے افسوس ناک واقعے میں فرانزک رپورٹ نے بھی موت سے قبل جسمانی تشدد کی تصدیق کی تھی؛

اپنا تبصرہ بھیجیں