ہیوسٹن(سی این پی) وفاقی وزیر امور کشمیر علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ نریندر مودی کے ہندو فاشسٹ ایجنڈے کا ہرسطح پرمقابلہ کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل ہیومینٹرین فائونڈیشن کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ہیوسٹن میں سفاک مودی کے خلاف احتجاج کریں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ مودی کے ہندو فاشسٹ ایجنڈے کا ہرسطح پرمقابلہ کیا جائے گا، امریکا سمیت دنیا بھرمیں مودی جہاں جائیگا اس کا پیچھا کریں گے۔وفاقی وزیرعلی امین گنڈاپور نے کہا کہ غاصب بھارت کو کشمیر پر غیر قانونی قبضہ چھوڑنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا جنرل اسمبلی سے خطاب تاریخی ہوگا،عمران خان مسئلہ کشمیر پرمضبوط وکیل ثابت ہوں گے، انسانی حقوق کے حوالے سے بھارت کا بدنما چہرہ بے نقاب کریں گے۔
