اسلام آباد(سی این پی)اسلام آباد میں آن لائن ویب سائٹس پر خرید و فروخت کرنے والے افراد نو سربازوں کا نشانہ بننے لگے۔ فراڈئیے سامان بیچنے والے کو کسی کے گھر بلاتے ہیں اور گھروالوں کو سامان دکھانے کے بہانے لے کر رفو چکر ہوجاتے ہیں۔اسلام آباد میں نوسربازوں نے لوٹ مار کا نیا طریقہ ڈھونڈ لیا۔ آن لائن ویب سائٹ پر سامان فروخت کرنے والے اشتہار دینے والوں سے رابطہ کیا جاتا ہے اور پھر انھیں کسی جگہ بلا کر دھوکے سے لوٹ لیا جاتا ہے۔پولیس نے شہریوں کو ایسے نو سربازوں سے بچ کر رہنے کا مشورہ دے دیا۔ ایس پی صدر عمر خان نے بتایا کہ اس جرم کے حوالے سے پولیس کو کافی شکایات ملی ہیں، شہری جب بھی آن لائن خرید و فروخت کریں، اس وقت محتاط رہیں اور کسی کی باتوں میں مت آئیں۔تھانہ شالیمار پولیس نے ان واقعات کا مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔
