لاہور(سی این پی)محکمہ ایکسائز نے فیس لینے کے باوجود گاڑیوں اور موٹرسائیکلز کی نمبر پلیٹس اور اسمارٹ کارڈ نہیں دئیے۔ پنجاب کے ہزاروں صارفین مہینوں سے انتظار میں ہیں۔وزیر ایکسائز نے دعوی کیا ہے کہ چند ہفتوں میں مسئلہ حل کرلیں گے ۔لاہور میں محکمہ ایکسائز میں شہریوں کی طویل قطاریں رہتی ہیں۔ گاڑیوں کی رجسٹریشن کے لئے دستاویزات جمع ہونے کے باوجود رجسٹریشن کارڈز کا کوئی پتہ نہیں ہے۔ نئی گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی نمبر پلیٹس بھی نہیں دی جارہی ہیں۔دوسری طرف پنجاب کے وزیر ایکسائزو ٹیکسیشن حافظ ممتاز احمد نے کہا ہے کہ اگلے 2 سے 3 ہفتوں میں صورت حال بہتر ہوجائے گی۔ پہلے 7 لاکھ کے قریب کارڈ تاخیر کا شکار تھے اور اب یہ تعداد 4 لاکھ تک رہ گئی ہے۔واضح رہے کہ محکمہ ایکسائز پنجاب میں سالانہ 20 لاکھ نئی موٹر سائیکلز اور 2 لاکھ گاڑیوں کی رجسٹریشن ہوتی ہے۔
