پاکستان بہت جلد معاشی بحران سے نکلے گا، وزیر دفاع

نوشہرہ(سی این پی) وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے معلوم ہے قرضوں سے ملک نہیں چلتے لیکن کرپٹ اپوزیشن کس منہ سے حکومت کے خلاف باتیں کررہی ہے۔اپنے ایک بیان میں وزیردفاع پرویز خٹک نے قوم کو امید دلائی کہ پاکستان بہت جلد معاشی بحران سے نکلے گا، پچھلی حکومت کے باعث ملک میں مشکل حالات ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی اولین ترجیح پاکستان کو مضبوط اور باوقار ملک بنانا ہے، ہمیں معلوم ہے کہ قرضوں سے ملک نہیں چلتے، اپوزیشن کس منہ سے حکومت کے خلاف باتیں کررہی ہے۔وزیر دفاع نے کہا کہ سابقہ حکمرانوں نے کرپشن کے سارے ریکارڈ توڑ دئیے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا پر بھارتی مظالم اور بربر یت ثابت ہوچکی ہے، بھارت کو کشمیریوں کا حق دینا ہوگا۔حال ہی میں پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان کی ستر سالہ تاریخ میں پہلی بار مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کے مقدمے کو بین الاقوامی فورم تک پہنچا دیا ہے۔اپنے بیان میں پرویز خٹک نے یہ بھی کہا تھا کہ عمران خان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب کریں گے، کشمیر اب ہندوستان کا اندرونی مسئلہ نہیں رہا، بھارت کے کشمیر پر غاصبانہ قبضے اور 80 لاکھ مسلمانوں کو ظلم و ستم کا نشانہ بنانے کا مسئلہ جس انداز سے پی ٹی آئی حکومت نے اٹھایا اس کی مثال نہیں ملتی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں