راول ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہونے پراسپل ویزکھول دیے گئے

اسلام آباد(سی این پی) گزشتہ دنوں بارش کے سبب راول ڈیم کی سطح بلند ہونے کے بعد ڈیم کے اسپل ویزکھول دیئے گئے، ڈیم میں پانی گنجائش سے زیادہ ہوگیا ہے۔تفصیلات کے مطابق راول ڈیم کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ڈیم میں گزشتہ روز پانی سطح انتہائی بلندہونے پر اسپل ویزکھولے گئے ہیں، سطح سمندرکے لحاظ سیڈیم میں پانی کی گنجائش1752فٹ ہے۔ڈیم انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ڈیم میں پانی کی سطح 1752.20فٹ پہنچنے پراسپل ویزکھولے گئے ہیں ، چندگھنٹے اسپل ویزکھول کر2 فٹ تک پانی کم کیاجائیگا۔یہ بھی بتایا گیا ہے کہ گزشتہ رات کی بارش سیڈیم میں پانی کی سطح بلندہوئی تھی جس کے سبب ایمرجنسی کی صورتحال پیدا ہوئی تھی۔ راول ڈیم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسپل ویز 11 بجے کھولے گئے،اسپل ویزکھولنے سے پہلے سائرن بھی بجائے گئے ہیں تاکہ ڈیم کے اسپل ویز کے کناروں پرا ٓباد افراد ہشیار ہوجائیں۔متعلقہ اداروں کی جانب سے راولپنڈی کے نشیبی علاقوں میں رہنے والے شہریوں کو انتباہ کیا گیا ہے کہ وہ ایک گھنٹے کے اندرمحفوظ مقامات پر منتقل ہوجائیں۔حالیہ بارشوں کے باعث ڈیم میں پانی کی آمد کا سلسلہ جاری ہے،اسپل ویز کھولنے کا مقصد مزید بارشوں میں فلڈ کنٹرول لیول حاصل کرنا ہے۔راول ڈیم سے راول پنڈی شہر کو پینے کا پانی سپلائی کیا جاتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں