خیبرپختونخوا میں سیاحت کے فروغ پر 20 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے،عاطف خان

پشاور(سی این پی) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر برائے سیاحت عاطف خان نے کہا ہے کہ صوبے میں سیاحت کے فروغ پر 20 ارب روپے خرچ کئے جائیں گے 15 ارب روپے عالمی بنک فراہم کرے گا۔اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں سیاحت کے فروغ کے لیے ہرممکن اقدامات کیے جائیں گے، سیاحت کے لیے 5 ارب روپے بجٹ میں مختص کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں مربوط ٹورازم زونز کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے، ٹورازم زونز میں سیاحوں کو بہترین اور جدید سہولیات فراہم کی جائے گی۔صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ سیاحت کے فروغ کے لئے بجٹ میں 100 گناہ اضافہ کیا گیا ہے، ماضی میں کسی نے بھی سیاحتی شعبے کی طرف توجہ نہیں دی۔عاطف خان نے ماضی کی حکومتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں غلط پالیسیوں کی وجہ سے سیاحتی مقامات پر بے ہنگم طریقے سے ہوٹلز اور ریسٹورنٹس تعمیر کئے گئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت سیاحتی شعبے کی اہمیت سے اچھی طرح آگاہ ہے کیونکہ سیاحتی شعبے کو ترقی دینے سے نہ صرف بے روزگاری میں کمی ہوگی بلکہ ملک کا ایک مثبت امیج بھی سامنے آئے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ سیاحت کے ذریعے ہم دنیا کو پیغام دیں گے کہ یہاں کے لوگ دہشت گرد نہیں بلکہ امن کے داعی ہے، بیرونی سرمایہ کار سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لئے آرہے ہیں حکومت سرمایہ کاروں کو آسانی فراہم کرنے کے لئے پالیسیاں بنارہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں