نیویارک(سی این پی) اقوام متحدہ نے کالعدم تنظیم جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید منجمد اکائونٹس سے رقم نکالنے کی اجازت دے دی، روزمرہ کے اخراجات کے لئے ہر ماہ بینک سے ڈیڑھ لاکھ روپے نکال سکیں گے۔تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ نے کالعدم تنظیم جماعت الدعو ۃکے سربراہ حافظ سعید کو منجمداکائونٹس سے ماہانہ رقم نکالنے کی اجازت دے دی۔جاری یواین لیٹرکے مطابق حافظ سعید کو منجمداکائونٹس کے استعمال کرنے کی اجازت سلامتی کونسل کی خصوصی کمیٹی نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر دی۔حافظ سعید کو روزمرہ کے اخراجات پورے کرنے کیلئے منجمد بینک اکائونٹس سے ماہانہ ڈیڑھ لاکھ روپے نکالنے کی اجازت دی گئی ہے۔خیال رہے حافظ سعید کے تمام بینک اکائونٹس اقوام متحدہ کی ہدایت پرمنجمد کیے گئے تھے۔واضح رہے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے نومبر 2008 میں جماعت الدعو کو دہشت گرد تنظیم قرار دیتے ہوئے اس پر پابندیاں عائد کی تھیں۔بعد ازاں سال 2014 میں امریکا نے بھی جماعت الدعو کو دہشت گرد تنظیم قرار دیتے ہوئے اس پر مالی پابندیاں عائد کیں اور حافظ سعید کے بارے میں معلومات فراہم کرنے پر ایک کروڑ ڈالر انعام دینے کا بھی اعلان کیا تھا۔سنہ 1948 میں پیدا ہونے والے حافظ سعید نے پہلے لشکر طیبہ کے نام سے اپنی تنظیم کی بنیاد رکھی تھی، جب اس پر پابندی لگی تو انہوں نے جماعت الدعو کے نام سے اپنی سرگرمیاں شروع کردی تھیں۔
