نجی یونیورسٹی کی طالبہ نو تعمیر شدہ بلاک کے چوتھے فلور سے گرکر جاں بحق ،طلباء سراپا احتجاج

اسلام آباد(سی این پی) نجی یونیورسٹی کی طالبہ نو تعمیر شدہ بلاک کے چوتھے فلور سے گرکر جاں بحق ہوگئی۔یونیورسٹی حکام کے مطابق بی ایس کی حلیمہ امین نامی طالبہ یونیورسٹی کے نو تعمیرشدہ بلاک کے چوتھے فلور سے نیچے گری جس کے باعث وہ شدید زخمی ہوگئی، حلیمہ کو کمر میں شدید چوٹ آنے کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔ذرائع کے مطابق طالبہ کی موت یونیورسٹی کے نو تعمیرشدہ بلاک کے چوتھے فلور سے گر کر ہوئی جہاں کلاسز جاری تھیں۔ادھر حلیمہ کے ساتھی طلباء نے طالبہ کی ناگہانی موت پر یونیورسٹی حکام کے خلاف احتجاج کرکے اسلام آباد کا شاہین چوک بلاک کردیا۔ساتھی طلبا ء نے یونیورسٹی حکام پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ حلیمہ کی موت کے اصل محرکات اورحقائق چھپا ر ہے ہیں۔ طلبا ء کا کہنا ہے کہ چوتھے فلور پر اکائونٹنگ اور فنانس کی کلاسز بھی ہوتی تھیں اس فلور پر لفٹ کی جگہ خالی چھوڑی ہوئی تھی جسے سیمنٹ کی خالی بوریوں سے ڈھانپ رکھا تھا جسکے باعث حادثہ پیش آیا ہے۔ طلباء کا کہنا تھا کہ حفاظتی اقدامات نہ ہونے کی وجہ سے ساتھی طالبہ موت کے منہ میں چلی گئی ۔بحریہ یونیورسٹی اسلام آباد میں طالبہ کی موت پر طلبہ و طالبات انتظامیہ کی مبینہ غفلت کیخلاف کلاسز چھوڑ کر سڑکوں پر نکل آئے،طلبہ و طالبات نے انتظامیہ کی مبینہ غفلت کیخلاف کلاسز کا بائیکاٹ کردیا۔انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور جاں بحق ہونے والی ساتھی طالبہ کیلئے انصاف کا مطالبہ کر تے ہوئے کہا کہ انتظامیہ نے ساتھی طالبہ کی موت کے حوالے سے بیانات بدلے گئے اور حقائق کو مسخ کرنے کی کوشش کی گئی اس لئے ریکٹر بحریہ یونیورسٹی فوری طور پرمستعفی ہوجائیں ۔دوسری طرف وفاقی پولیس جو کہ طلباء کے احتجاجی مظاہرے کے وقت کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے موجود تھی کاطالبہ کے موت کے حوالے سے کہنا ہے کہ تا حال انہیں مقدمے کے اندراج کے حوالے سے طالبہ کے ورثاء کی درخواست موصول نہیں ہوئی ہے اوریونیورسٹی انتظامیہ نے وفاقی پولیس کو کہا ہے کہ وہ طالبہ کی موت کی انکوائری کررہے ہیں ،انکوائری مکمل ہونے کے بعد وہ پولیس سے رابطہ کرینگے ۔

نجی یونیورسٹی کی طالبہ نو تعمیر شدہ بلاک کے چوتھے فلور سے گرکر جاں بحق ،طلباء سراپا احتجاج” ایک تبصرہ

  1. میں اپنی شاعری شائع کروانا چاھتی ہوں۔ مجھے کیا کرنا ہوگا؟ رہنمائی فرمائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں