کراچی(سی این پی)سندھ حکومت نے کراچی میں قبرستانوں کے لیے نئی زمین مختص کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ کراچی میں قبرستانوں کے لیے نئی زمین مختص کی جائے گی۔اس موقع پر میونسپل کمشنر افتخار شالوانی کا کہنا تھا کہ کراچی میں کے ایم سی کے زیر اہتمام اس وقت 203 قبرستان ہیں تاہم بڑھتی ہوئی آبادی کے باعث قبرستان کی زمین کم پڑ رہی ہے۔ چیف سیکریٹری سندھ نے حکم دیا کہ گڈاپ میں 300 ایکڑ، بن قاسم ٹائون میں 200 ایکڑ زمین قبرستان کیلئے مختص کی جائے۔چیف سیکریٹری سید ممتاز شاہ نے تجویز پیش کی کہ ضلع ویسٹ میں 200 ایکڑ، ضلعی ایسٹ میں 100 ایکڑ زمین قبرستان کے لیے مختص کی جائے۔بعدازاں ممتازعلی شاہ کا کہنا تھا کہ زمین مختص کرنے کی سمری منظوری کرنے کے لیے سندھ کابینہ میں پیش کی جائے گی۔
