احتساب عدالت میں ججز کی کمی،اہم مقدمات کے فیصلوں میں تاخیر

اسلام آباد(سی این پی)احتساب عدالت میں ججز کی کمی مقدمات کے فیصلوں میں رکاوٹ بننے لگی۔احتساب عدالت اسلام آباد میں ایک جج اور 100 سے زیادہ ریفرنس زیر سماعت ہیں۔ مقدمات کو بروقت منطقی انجام تک پہنچانے میں نیب کو مشکلات کا سامنا ہے۔ راولپنڈی سے احتساب عدالت نمبر 2 کی اسلام آباد منتقلی تاحال نہ ہوسکی ہے۔ احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی جگہ نئے جج کی تعیناتی بھی ابھی تک نہیں ہوسکی ہے۔ احتساب عدالت میں تمام ہائی پروفائل مقدمات کے لئے صرف ایک جج موجود ہے۔ شریف خاندان کے خلاف العزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس کے بعد اب تک صرف ایک ہائی پروفائل انجم عقیل ریفرنس کا فیصلہ ہوسکا ہے۔اس کے علاوہ سابق صدر آصف علی زرداری، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان کے مقدمات جج محمد بشیر کے پاس زیر سماعت ہیں۔ سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کیخلاف رینٹل پاور کے ریفرنس بھی زیر التوا ہیں اور یہ بھی جج محمد بشیر کے پاس زیر سماعت ہے۔واضح رہے کہ آئندہ ماہ جعلی اکائونٹس کے مزید ریفرنس دائر کئے جانے کا امکان ہے۔ ایل این جی ریفرنس بھی اسلام آباد کی احتساب عدالت میں دائر ہوگا۔ حکومت نے اسلام آباد میں احتساب عدالتوں کی تعداد 2 سے بڑھا کر 3 کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں