حکومتی موثر پالیسی کے باعث عالمی برادری کشمیرکو داخلی معاملہ کہنے کے بھارتی بیانیے کو غلط تصور کر رہی ہے، سید فخر امام

اسلام آباد (سی این پی)پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین سید فخر امام نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کی موثر پالیسی کے نتیجے میں عالمی برادری کشمیرکو داخلی معاملہ کہنے کے بھارتی بیانیے کو غلط تصور کر رہی ہے ۔ ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 74ویں اجلاس میں کشمیری عوام کے سفیر کے طور پر کشمیر کی حقیقی صورتحال پیش کی جس سے بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کی آر ایس ایس ذہنیت عالمی سطح پر بے نقاب ہو گئی ہے اور اب عالمی برادری بھارت کے اس بیانیے کو غلط تصور کر رہی ہے کہ کشمیر اس کا اندرونی معاملہ ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کو عالمی سطح پر متنازع علاقہ تسلیم کیا جا چکا ہے اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس دیرینہ تنازع پر ثالثی کی پیشکش بھی کی ہے۔انہوں نے کہا کہ چین اور روس بھی کشمیر کے معاملے پر پاکستان کے موقف کی حمایت کر رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں