جی ایس پی پلس کی سہولت کے بعد یورپی ممالک کو پاکستانی برآمدات میں7 فیصد اضافہ

اسلام آباد (سی این پی)جی ایس پی پلس کی سہولت کے بعد یورپی ممالک کو برآمدات میں 7 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ جی ایس پی پلس کی سہولت سے قبل پاکستان اپنی مجموعی برآمدات کے حجم کا 25 فیصد حصہ یورپی یونین کے ممالک کو برآمد کرتا تھا تاہم سہولت کے بعد برآمدات کا حجم 32 فیصد تک بڑھ گیا۔ یورپی یونین اور وزارت تجارت کے اعداد وشمار کے مطابق جی ایس پی پلس کی سہولت کے بعد مالی سال 2014 سے 2018 میں پانچ سال کے دوران برآمدات میں 7 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔پاکستان کو یکم جنوری 2014 کو جی ایس پی پلس کی سہولت ملی تھی ۔ یورپی ممالک پاکستان سے زیادہ تر ٹیکسٹائلز ، چمڑے کی مصنوعات، جوتے، کھلاڑیوں کے ملبوسات اور آلات جراحی وغیرہ درآمد کرتے ہیں اور اس سہولت کے بعد پہلے سال کے دوران تیار ملبوسات کی برآمدات میں 22 فیصد جبکہ مالی سال 2013 سے 2018 کے دوران 52 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ اقتصادی تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ یورپی ممالک کو کی جانے والی برآمدات میں اضافہ کے لئے یورپی منڈیوں کی ضرورت کے پیش نظر جدید معیار کی مصنوعات کی تیاری پرتوجہ دینے کی ضرورت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں